Falah · Naqshbandi Mujaddidi
سالک کے معمولات
راہ پر چلنے والے کے روزانہ کے معمولات، اُن کا مطلب، اور اُن کے کرنے کا طریقہ
فہرست
- وقوفِ قلبی
- مراقبہ
- تین تسبیحات
- شجرہ
- رابطۂ شیخ کتاب میں
- آدابِ شیخ کتاب میں
01وقوفِ قلبی
وقوف کے معنی اپنے دل کی مسلسل نگہبانی کرنے کے آتے ہیں۔ وہ روحانی دل، قلب جو احساسات اور سوچوں کا مرکز ہے۔ پس اِس قلب کی توجہ اور دھیان اللہ رب العزت کی طرف مسلسل رکھنے کا نام وقوفِ قلبی ہے۔
وقوفِ قلبی حاصل کرنے کا طریقہ کیا ہے؟
اِس مقام کو پانے کا طریقہ یہ ہے کہ سالک ہمیشہ اِس بات کا خیال رکھے کہ اللہ جل شانہ اُسے دیکھ رہے ہیں اور اُس کی حرکات و سکنات سے باخبر ہیں۔ لہٰذا سالک کو چاہیے کہ اپنے قلبِ روحانی کی توجہ کو ہر وقت اللہ تعالیٰ کی طرف رکھے۔
کیا وقوف کی مشق کرنا ضروری ہے؟
انسان کی فطرت ہے کہ روزمرہ کی زندگی اور معمولات میں مشغولیت کے باعث بہت سے فضول اور بے جا خیالات اور اَفکار اُس کے دل میں گھر کر لیتے ہیں۔ وقوفِ قلبی کی یہ مشق باقاعدگی سے کرنے سے دل و دماغ کی اِن غلط فکروں کو مٹایا جا سکتا ہے اور ذکرِ اللہ میں مداومت حاصل ہو سکتی ہے۔
اگرچہ شروع میں یہ کام انتہائی مشکل لگتا ہے، لیکن روزانہ مشق کرنے سے بہت آسان ہو جاتا ہے، یہاں تک کہ سالک وہ مقام پا لیتا ہے کہ بظاہر وہ اپنے روزمرہ کے کاموں، مثلاً نوکری، کھانا وغیرہ، میں مصروف ہوتا ہے لیکن اُس کا دل مسلسل اللہ رب العزت کی یاد میں مشغول رہتا ہے۔
02مراقبہ
مراقبہ عربی زبان کا لفظ ہے، جس کے معنی ہیں کہ اللہ تعالیٰ ہم پر مسلسل نگہبان ہے، اِس لیے ہمیں بھی اپنی حرکات و سکنات پر نگران رہنا ہوگا۔
مراقبہ کرنے کا کیا طریقہ ہے؟
سلسلہ نقشبندیہ میں مراقبہ کرنے کا طریقۂ کار یہ ہے:
- سالک اپنے روزانہ کے معمول میں سے کوئی خاص وقت متعین کر لے، ایسا وقت جب کوئی دوسرا اُسے پریشان نہ کرے۔ یہی وجہ ہے کہ سالک کو اُس وقت موبائل فون بند کرنے کی تلقین کی جاتی ہے۔
- اُس کا پیٹ کم از کم ایک یا دو گھنٹے سے خالی ہو۔
- مراقبے کے لیے ابتدا میں ۲۵ سے ۳۰ منٹ متعین کر لے، اور چند ہفتوں میں آہستہ آہستہ اِسے بڑھا کر ۴۵ منٹ تک لے جائے۔
- باوضو ہو کر، چوکڑی مار کر یا سنت طریقے سے، قبلہ رو ہو کر بیٹھ جائے۔
- اپنی آنکھیں اور منہ بند کر لے، اور زبان کو اوپر کے تالو سے لگا لے تاکہ حرکت نہ کرنے پائے۔
- اپنے دل کو تمام خیالات سے خالی کر کے، پوری توجہ اور نہایت ادب کے ساتھ، اپنے خیالات کی توجہ کو دل کی طرف اور دل کی توجہ کو اللہ سبحانہ و تعالیٰ کی طرف کر لے۔
- سالک اِس بات کی طرف دھیان دے کہ اللہ جل شانہ ہر چیز پر قادر ہیں، اور تمام صفاتِ کاملہ کے حامل اور ہر قسم کے عیوب و نقائص سے پاک ہیں۔
- اِنہی خیالات کے ساتھ آنکھیں بند کر کے یہ خیال کرے کہ اللہ کے نور کا فیض نبی اکرم ﷺ کے قلبِ مبارک سے، مشائخِ نقشبندیہ کے توسل سے، اُس کے دل میں آ رہا ہے، اور اُس کا دل اِس نور کی برکت سے ہر قسم کی ظلمت، کدورت اور سیاہی سے پاک ہو رہا ہے، اور اُس کا دل کہہ رہا ہے اللہ، اللہ، اللہ، اور وہ اُسے سن رہا ہے۔
اِس نور کا سالک کے قلب میں آنا، یہ کیفیت محض شروع کے چند سیکنڈ تک کے لیے ہے۔
کیا مراقبہ کرنا ضروری ہے؟
تصوف کی راہ میں، خاص کر سلسلہ نقشبندیہ میں، مراقبہ ایک انتہائی اہم اور لازمی جزو ہے۔ وجہ اِس کی یہ ہے کہ نقشبندیہ سلسلے میں درجات اِسی کی وجہ سے پروان چڑھتے ہیں، اور سالک یہ سفر طے کرتے ہوئے اللہ کا قرب پا لیتا ہے۔
03تین تسبیحات
ذیل میں دی گئی یہ تین تسبیحات روزانہ سو سو مرتبہ پڑھنے کا اہتمام کرے، یعنی ایک تسبیح برابر ایک سو مرتبہ۔ یہ دن میں ایک مرتبہ پڑھے، فجر سے لے کر مغرب کے درمیان کسی بھی وقت، اور رات میں ایک مرتبہ پڑھے، مغرب کے بعد سے فجر کے درمیان کسی بھی وقت۔
کوشش کرے کہ یہ تینوں تسبیحات ایک ہی وقت مقرر کر کے پڑھ لے، البتہ اگر ایسا ممکن نہ ہو تو دن میں کسی بھی وقت پورا کر لے۔
استغفار
سو مرتبہ
اَسْتَغْفِرُ اللهَ تعالىٰ رَبِّىْ مِنْ كُلِّ ذَنْبٍ وَّاَتُوبُ اِلَيْهِ
درود شریف
سو مرتبہ
اَللّٰهُمَّ صَلِّ عَلىٰ سَيِّدِنَا مُحَمَّدٍ وَّعَلىٰ آلِ سَيِّدِنَا مُحَمَّدٍ وَّبَارِكْ وَسَلِّمْ
تیسرا کلمہ
سو مرتبہ
سُبْحَانَ اللهِ وَالْحَمْدُ لِلّٰهِ وَلَا اِلٰهَ اِلَّا اللهُ وَاللهُ اَكْبَرُ
تیسرا کلمہ سو مرتبہ مکمل کرنے کے بعد ایک مرتبہ
آخر میں ایک مرتبہ
لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّةَ اِلَّا بِاللّٰهِ الْعَلِىِّ الْعَظِيْمِ
نوٹ: یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ پانچوں نمازوں کی پابندی اور قرآنِ کریم کی تلاوت سالک کے روزمرہ کے معمول میں شامل ہونا لازمی ہے۔ اپنی زندگی میں سنتوں کا اہتمام کرنا بھی انتہائی اہم ہے۔ یہ سب سالک کی ترقی کے لیے انتہائی ضروری ارکان ہیں۔
یہ معمولات حضرت شیخ محمد ہمایوں حنیف نقشبندی مجددی مدظلہ العالی کی کتاب راہنمائے سالک سے لیے گئے ہیں۔ مکمل کتاب میں شجرہ شریف، رابطۂ شیخ، آدابِ شیخ، صاحبِ نسبت، مراقبے کا تصویری خاکہ اور سلسلہ نقشبندیہ کے سات اسباق بھی شامل ہیں۔
ایک گزارش: معمولات اور اسباق اپنے شیخ کی رہنمائی اور اجازت سے شروع کیجیے۔ یہ صفحہ یاد دہانی کے لیے ہے، شیخ کی جگہ لینے کے لیے نہیں۔
سلسلہ عالیہ نقشبندیہ مجددیہ غفوریہ · falah.org
