نوکری نہیں ہے، اور دل کہتا ہے کہ اب ملے گی بھی نہیں۔ کاروبار بگڑ گیا ہے، اور سنبھالنے کا کوئی راستہ نظر نہیں آتا۔ محنت پوری ہے، مگر رزق میں برکت نظر نہیں آتی۔ اور گھر میں کبھی اولاد کی فکر ہے، کبھی بیٹیوں کی شادی کی۔

ہم میں سے اکثر لوگ کسی نہ کسی موڑ پر اپنے حالات سے مطمئن نہیں ہوتے۔ ہم حل ڈھونڈتے ہیں، مگر وہاں جہاں وہ ہے ہی نہیں؛ حالانکہ اِن سب مسائل کا حل اللہ تعالیٰ ہمیں بتا چکے ہیں۔

علم بہت ہے، تو عمل کیوں نہیں؟

آج علم تک پہنچنا بہت آسان ہے: قرآنِ پاک موبائل میں کھل جاتا ہے، اور ہمارے علمائے کرام مساجد میں دین بتاتے رہتے ہیں۔ علم ہم سب کے پاس ہے، مگر عمل میں بہت شدید کمی آ گئی ہے۔

علم اور عمل کے بیچ ایک گمشدہ کڑی ہے۔ وہ کڑی ہے یقین: اللہ تعالیٰ کی ذات پر، اور اُس کی کہی ہوئی باتوں پر بھروسہ۔

اللہ تعالیٰ نے دنیا اور آخرت کی کامیابی کا پورا ہدایت نامہ قرآنِ پاک کی صورت میں ہمیں دے دیا ہے۔ نبی کریم ﷺ نے اِسے کر کے دکھایا، جسے ہم سنت کہتے ہیں، اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے اِس پر عمل کر کے بتایا۔

پھر بھی ہم جانے انجانے میں بھروسہ کہیں اور کر بیٹھتے ہیں: ہارورڈ اور ییل کی تحقیق پر۔ اُن کے بزنس ماڈل پڑھتے ہیں، اخلاقیات اور مسائل کا حل بھی اُنہی سے لینے کی کوشش کرتے ہیں۔ مگر وہ ساری تحقیق انسان نے اپنے دماغ سے کی ہے، اور عقل محدود ہے؛ ایک خاص حد سے آگے نہیں جا سکتی۔

بات اُس کی ماننی چاہیے جس نے یہ کائنات اور ہم انسان بنائے، اور یہ بھی بتایا کہ اِس میں کیسے رہنا ہے۔ اُسے چھوڑ کر انسانوں کی بنائی ہدایات کے پیچھے چلنا ہی ہمارے مسائل کے ختم نہ ہونے کی وجہ ہے۔

استغفار اور رزق میں برکت

کاروبار میں مسئلہ ہو یا نوکری میں، ہم منصوبے بناتے ہیں، یہ قدم، وہ قدم۔ اور یہ قدم بالکل اٹھانے چاہییں، اسباب کے درجے میں۔ مگر اسباب کے بعد اُن میں جو اثر ہے، وہ کہاں سے آئے گا؟ وہ تو اللہ تعالیٰ نے پیدا کرنا ہے۔

انسان دو چیزوں سے مل کر بنا ہے، جسم اور روح؛ یوں سمجھ لیں ہارڈ ویئر اور سافٹ ویئر۔ جسم کا آرام اِسی دنیا سے ملتا ہے، مگر روح کا سافٹ ویئر اللہ تعالیٰ کے ذکر سے اور نبی کریم ﷺ کی سنت پر عمل سے ٹھیک ہوتا ہے۔ آج سائنس کی وجہ سے یہ تعلق سمجھنا بہت آسان ہے: کمپیوٹر کا سافٹ ویئر ٹھیک ہو تو ہارڈ ویئر ٹھیک کام کرتا ہے، اور سافٹ ویئر میں گڑبڑ ہو جائے تو ہارڈ ویئر خراب ہو جاتا ہے۔

ہر کام کی بھی یہی دو شکلیں ہیں۔ کاروبار کی محنت ایک ظاہری شکل ہے، اور ایک اُس محنت کا اثر۔ تو اپنے مسائل کا حل چاہیے تو اُس ہدایت نامے پر عمل کرنا ہے جو اللہ تعالیٰ نے دیا ہے۔ اور اُس میں اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:

«آپ اگر اپنے رب سے معافی مانگیں گے، سچی معافی، تو اللہ تعالیٰ بہت معاف کرنے والا ہے۔ وہ آپ پر آسمان سے بارشیں نازل فرمائے گا، وہ آپ کی مدد کرے گا مال سے اور اولاد سے، آپ کو باغات بھی دے گا اور آپ کے لیے نہریں بھی جاری کرے گا۔» (مفہوم: سورہ نوح 10-12)

ذرا دیکھیں: ایک ہدایت، معافی مانگنا، اور اُس کے ساتھ ہمارے ظاہری حالات اور اسباب۔ اور یہ کہہ کون رہا ہے؟ بادشاہوں کا بادشاہ۔

باغ کی ترقی نہر سے آتی ہے؛ اچھا پانی ملے تو باغ پھلتا پھولتا ہے۔ اِن مثالوں سے پتا چلتا ہے کہ رزق کے اسباب بھی اللہ تعالیٰ ہی پیدا فرماتے ہیں، اور کاروبار، نوکری اور گھر کے حالات میں بہتری بھی اُسی کی طرف سے آتی ہے۔ مال ہو اور اچھی اولاد ہو، تو اِسی کو ہم کامیاب زندگی کہتے ہیں۔ اور اِس آیت میں یہ کامیابی کس چیز سے جوڑی گئی ہے؟ اللہ تعالیٰ سے معافی مانگنے سے۔

تو اگر ہم اپنے اسباب میں، جان و مال میں، کاروبار میں بہتری چاہتے ہیں، تو وہ کریں جو ہمارے مالک نے بتایا ہے: اللہ تعالیٰ سے معافی مانگیں، اور پھر اُس توبہ پر قائم رہنے کی پوری کوشش کریں۔ توبہ ٹوٹ جائے تو پھر معافی مانگیں۔

اسباب ضرور اختیار کریں، بہترین کام کریں؛ ہارڈ ورک نہیں، سمارٹ ورک۔ مگر ساتھ ساتھ توبہ اور استغفار جاری رہے، اور اللہ تعالیٰ کی یاد دل میں بسی رہے۔

جب دل کہے کہ اب معافی نہیں ملے گی

ہمارا ایک ازلی دشمن ہے، جسے ہم اتنی اہمیت نہیں دیتے جتنی ایک دشمن کو دینی چاہیے: شیطان۔

جب ہم معافی مانگنے لگتے ہیں اور حالات سنبھلنے لگتے ہیں، تو وہ آتا ہے: تم نے تو بڑے گناہ کیے ہیں، تمہاری کوئی معافی نہیں ہو گی۔ پھر ایک ایک کر کے ہماری غلطیاں اور خامیاں گنواتا ہے، اور ہمیں مایوسی کی طرف لے جاتا ہے۔

وہ ہاتھ پکڑ کر گناہ نہیں کرواتا، صرف وسوسہ ڈالتا ہے: میرے حالات ٹھیک نہیں ہوں گے، میرا رزق خراب ہو جائے گا، نیکی کی طرف آیا تو دنیا خراب ہو جائے گی۔ پھر ہمارے مسائل کو ذہن میں بڑھا چڑھا کر دکھاتا ہے، تاکہ ہم ڈپریشن اور مایوسی کا شکار ہو جائیں۔ یہی اُس کا کام ہے، کہ ہمیں اللہ تعالیٰ سے مایوس کر دے۔ اور یہ مایوسی دنیا بھی خراب کرتی ہے اور آخرت بھی۔

اور ٹھیک اِسی جگہ اللہ تعالیٰ ہمیں تسلی دیتے ہیں:

«اے میرے وہ بندو جنہوں نے اپنی جانوں پر زیادتی کی، اللہ کی رحمت سے مایوس نہ ہونا۔ یقیناً اللہ تعالیٰ تمہارے سب گناہ معاف کر دے گا۔ بے شک وہ بڑا بخشنے والا، نہایت رحم کرنے والا ہے۔» (مفہوم: سورہ زمر 53)

اِس میں کتنی امید ہے۔ یہ آیت گناہ گاروں سے مخاطب ہے، ہم جیسے گناہ گاروں سے، اور اللہ تعالیٰ اُنہیں پکار رہے ہیں: میرے بندو۔ اِس سے بڑھ کر شفقت کیا ہو گی۔

تو جو خیال بھی مایوسی کی طرف لے جائے، کہ میں اِن حالات سے نکل ہی نہیں سکتا، وہ شیطان کی طرف سے ہے۔ اُس لمحے یہ آیت یاد کریں۔

توبہ کرنے والے محبوب، اور آخری چالیس گھنٹے

ہم عبادتیں کرتے ہیں، تہجد اور نوافل پڑھتے ہیں، کہ اللہ تعالیٰ کے محبوب بندے بن جائیں۔ اور یہیں ایک دھوکہ بھی ہے: عبادت کی توفیق ملتے ہی ہمیں اپنے بہن بھائی، رشتے دار اور دوست بڑے گناہ گار لگنے لگتے ہیں، کیونکہ اب ہم نیک ہو گئے ہیں۔ یہ بھی شیطان کا دھوکہ ہے۔ اللہ تعالیٰ نے خود بتایا ہے کہ وہ کن سے محبت فرماتے ہیں:

«بے شک اللہ تعالیٰ بہت زیادہ توبہ کرنے والوں کو محبوب رکھتے ہیں۔» (مفہوم: سورہ بقرہ 222)

اللہ تعالیٰ غلطی کرنے والے کو صرف معاف ہی نہیں فرماتے، توبہ کرنے والے کو اپنا محبوب بھی رکھتے ہیں۔ تو اللہ تعالیٰ کا محبوب بندہ بننے کے لیے بھی توبہ کی ضرورت ہے، استغفار کی ضرورت ہے۔

اور رمضان اِس کا عظیم الشان موقع ہے، جب اللہ تعالیٰ اپنی رحمت، بخشش اور معافی کے دروازے کھول دیتے ہیں۔ اِس مہینے میں ہمارا ایک ہی نکتہ ہو، کہ ہم اللہ کو اللہ سے، اللہ کے لیے مانگیں: اُس کی محبت، اُس کا عشق۔ سچے دل سے معافی مانگیں، اُس پر قائم رہنے کی حتی الامکان کوشش کریں، اور اپنے سارے معاملات اللہ تعالیٰ کے بتائے ہوئے طریقوں اور نبی کریم ﷺ کی سنتوں کے مطابق لے آئیں۔ تو ان شاء اللہ ہمارے معاملات ٹھیک ہونا شروع ہو جائیں گے۔

رمضان کے تیس دن اپنی جگہ اہم ہیں، اور اُن میں آخری عشرے کی پانچ راتیں سب سے اہم۔ ایک رات کو آٹھ گھنٹے کی سمجھ لیں تو یہ تقریباً چالیس گھنٹے بنتے ہیں۔ یہ چالیس گھنٹے اگر صحیح گزر جائیں، صرف اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے، اُس کی خالص محبت کے ساتھ، تو اُس کی رحمت سے امید ہے کہ وہ ہمارے گناہ معاف فرما دیں گے۔ اور اِنہی پانچ راتوں اور چالیس گھنٹوں میں، ان شاء اللہ، شبِ قدر بھی ملے گی؛ اور اُس کی امید دنیا کے مسائل سے آگے، آخرت تک جاتی ہے۔

یہ گھنٹے ہاتھ سے کہاں نکلتے ہیں؟ نفس اپنی جگہ موجود ہے، اور اُسے بہکانے والی چیزیں بھی، موبائل اور ٹی وی۔ تو اپنا وقت ہر لا یعنی، بے فائدہ چیز سے ہٹا لیں۔ پڑھائی ہو یا نوکری، اُس کا وقت پوری محنت اور دیانت سے دیں، اور اُس کے بعد جو وقت اللہ تعالیٰ کا اور گھر والوں کا ہے، وہ اُنہیں دیں۔

آج بس ایک کام کریں۔ اپنے دن میں استغفار کے لیے تھوڑا سا وقت الگ کر لیں، اور سچے دل سے اللہ تعالیٰ سے معافی مانگیں۔ کسی دن رہ جائے تو اگلے دن پھر شروع کر دیں۔

اللہ تعالیٰ مجھے بھی اور آپ سب کو، جو علم ہے اُسے عمل میں لانے کی توفیق عطا فرمائے، اور عمل بھی ایسا جو اُس کی بارگاہ میں مقبول ہو۔ آمین۔

ہم سے جڑیں

واٹس ایپ کمیونٹی، ہفتہ وار مجلس اور ہمارے سوشل میڈیا، سب ایک جگہ۔

ہم سے جڑیں
آدھی سنت، شہزاد عارف آدھی سنت، پشتی سرورق

آدھی سنت · اردو ناول · شہزاد عارف

سوال و جواب

دل کے سوال

زندگی کے سچے سوال، قرآن اور سنت کی روشنی میں۔

سوالات پڑھیں اپنا سوال پوچھیں
Q & A

Questions of the Heart

Honest questions from real life, answered in the light of the Qur’an and the Sunnah.

Read the questions Ask your question
یہ بات کسی اپنے تک پہنچائیے
واٹس ایپ فیس بک ایکس ٹیلیگرام
ہم سے جڑیں