آج اپنے معاشرے پر ایک نظر ڈالیں تو اکثر گھروں سے ایک ہی شکایت سنائی دیتی ہے۔ گھر کے اندر سکون کی کمی ہے، اور سوال یہی رہ جاتا ہے کہ گھر میں سکون کیسے آئے۔ رشتوں میں دراڑیں پڑ گئی ہیں۔ ہم ایک دوسرے کی عزت نہیں کرتے۔ میاں بیوی کے تعلقات خراب ہو گئے، اور والدین اور اولاد کے بیچ بھروسہ ختم ہو گیا۔ اور یہ مسائل گھر میں نہیں رکتے؛ آخرکار ہمارے کاروبار، نوکری، مالی حالت اور صحت تک پہنچ جاتے ہیں۔

ہم سمجھتے ہیں کہ کامیابی کے لیے عہدہ ضروری ہے، پیسہ ضروری ہے۔ یہ سب اپنی جگہ ضروری ہیں۔ مگر اِن سب کے نیچے ایک بنیاد ہوتی ہے۔ وہ بنیاد کمزور ہو، تو نہ ہم اِس دنیا میں آگے بڑھ سکتے ہیں، نہ آخرت میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔

میثاق کا مطلب ہے عہد، اللہ تعالیٰ سے کیا ہوا عہد۔ اِس سلسلے کی نشستیں ہماری گھریلو زندگی پر ہیں، تاکہ ہم ایسی مضبوط بنیاد رکھیں جس پر ہم اور ہماری اولاد دنیا اور آخرت دونوں میں کامیاب ہوں۔ ہمارا ہدف آخرت ہے، مقامِ رضا، جہاں اللہ تعالیٰ ہم سے راضی ہو جائیں؛ اور اُس راستے کا ایک سنگِ میل گھر کا سکون ہے۔

سب سے بڑی کمی: یقین

ہم سب ایک بہت اہم چیز کی کمی کا شکار ہیں، اور وہ ہے یقین۔ اللہ تعالیٰ پر یقین، اور اللہ تعالیٰ کی کہی ہوئی باتوں پر یقین۔

ہم کہتے تو ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے یہ فرمایا ہے، نبی کریم ﷺ نے یہ فرمایا ہے۔ مگر اپنی عملی حالت دیکھیں تو صاف نظر آتا ہے کہ ہمارے اعمال ہماری باتوں سے میل نہیں کھاتے۔ یقین نہیں ہو گا تو عمل نہیں ہو گا، اور عمل نہیں ہو گا تو وہ نتائج بھی نہیں ملیں گے جن کا اللہ تعالیٰ نے وعدہ کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ تو سب سے بڑھ کر وعدہ وفا کرنے والے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ کیا ہم دوسری طرف اپنا وعدہ نبھاتے ہیں؟

ایک مثال لیں۔ ایپل والوں نے موبائل بنایا، ہارڈ ویئر بھی اُنہی کا، سافٹ ویئر بھی۔ اُنہوں نے بتا دیا کہ بیٹری چارج رکھنے کے لیے یہ کیبل لگانی ہے، اور یہ کریں گے تو یہ نتیجہ نکلے گا۔ اُن کی باتوں پر ہمیں پورا یقین ہے۔ کسی ادارے میں نوکری شروع کرتے ہیں تو ذمہ داریوں کی فہرست ملتی ہے، اور ہم مان لیتے ہیں کہ یہ ہمارا فرض ہے۔

اور جس نے یہ پوری کائنات بنائی، اُسے خوب معلوم ہے کہ کون سے عمل ہمیں فائدہ دیں گے اور کون سے نقصان۔ اُس نے ہارڈ ویئر بھی بنایا اور سافٹ ویئر بھی، اور ہمیں رہنما اصول دے دیے: باپ کی ذمہ داری، ماں کی، بھائی کی، بہن کی، ساس اور نند کی ذمہ داری۔ یہ ذمہ داریاں ہم کیوں بھول جاتے ہیں؟ ہم معاشرے کو، رواج کو، سنی سنائی باتوں کو اور سوشل میڈیا کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں۔

یہ شک آتا کہاں سے ہے؟ شیطان کی طرف سے۔ شیطان نے کبھی ہمارا ہاتھ پکڑ کر گناہ نہیں کروایا۔ وہ صرف ہمارے ذہن سے کھیلتا ہے۔ اور سب سے بڑا خیال، جس کا ذکر قرآنِ پاک میں بھی ہے، یہ کہ وہ ہمیں رزق کی تنگی سے ڈراتا ہے (مفہوم: سورہ بقرہ 268)۔ یہ کرو گے تو مال کم ہو جائے گا، عزت ختم ہو جائے گی۔ اور یہ خیال وہ ہمارا اپنا خیال بنا کر پیش کرتا ہے۔ زندگی میں ہمارے پاس دو ہی راستے ہیں: اللہ تعالیٰ کی بتائی ہوئی بات مان لیں، یا شیطان کی۔

گھر میں سکون کیسے آئے: ایک دن کی تیاری، ساری زندگی کا سوال

کسی بھی شادی کا منظر ذہن میں لائیں۔ ہال بک ہوتے ہیں، کپڑے سلتے ہیں، دعوت نامے چھپتے ہیں، اور مہینوں پہلے سے تیاریاں شروع ہو جاتی ہیں۔ یہ ساری منصوبہ بندی کس لیے؟ ایک دن کے لیے۔ اور شادی کا دن آیا، اور گزر گیا۔

کیا ہم نے کبھی بیٹھ کر یہ بھی سوچا کہ اُس دن جو رشتہ بنے گا، جو میاں بیوی ہم بنیں گے، وہ ساری زندگی کا معاملہ ہے؟

آٹھ گھنٹے کی نوکری کے لیے ہم سولہ سال پڑھتے ہیں۔ مگر گھریلو زندگی کے لیے کیا ہم نے کبھی خود کچھ سیکھا؟ یا اپنے بچوں کو، جن کی شادیاں ہونی ہیں، کچھ سکھایا؟

یہ بہت بڑا خلا ہے۔ ایک دن بچے نئے ساتھی کے ساتھ نئی زندگی شروع کرتے ہیں، اور مسائل میں گھر جاتے ہیں۔ پھر اُن کا حل سوشل میڈیا، ڈراموں اور دوستوں میں ڈھونڈتے ہیں۔ اور جو ٹول کٹ ہمارے پاس واقعی موجود ہے، اللہ تعالیٰ اور نبی کریم ﷺ کے بتائے ہوئے رہنما اصول، اُسے استعمال کرنا ہم جانتے ہی نہیں۔

اللہ تعالیٰ قرآنِ پاک میں فرماتے ہیں، مفہوم یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کی نشانیوں میں سے ہے کہ اُس نے تم میں سے تمہارے لیے جوڑے بنائے تاکہ تم اُن سے سکون حاصل کرو، اور تمہارے درمیان محبت اور رحمت رکھ دی، اور تم اِس پر غور و فکر کرو (مفہوم: سورہ روم 21)۔

تو ذرا دیکھیں کہ کیا ہمارے گھروں میں واقعی وہ سکون ہے جس کی وجہ سے ہم کہیں کہ مجھے جلدی گھر پہنچنا ہے۔ اگر ہمارے گھر میں سکون نہیں، تو اِس کا مطلب ہے کہ کہیں نہ کہیں ہم نے اللہ تعالیٰ کی بتائی ہوئی ترتیب الٹ دی ہے۔

اپنے آپ سے پانچ سوال پوچھیں۔ کیا میاں بیوی کے درمیان محبت ہے؟ کیا ہم ایک دوسرے سے رحمت کا سلوک کرتے ہیں؟ کیا اپنے بچوں سے محبت اور رحمت کا سلوک کرتے ہیں؟ کیا ہماری بیوی ہمارے والدین سے اُسی طرح محبت اور رحمت کا سلوک کرتی ہے؟ اور کیا ہم اپنی بیوی کے والدین سے اُتنی ہی محبت اور رحمت کا سلوک کرتے ہیں؟ خود بیٹھ کر اِن کے جواب دیں، تو پتا چل جائے گا کہ سو میں سے کتنے نمبر مل رہے ہیں۔

اللہ تعالیٰ کی بات غلط نہیں ہو سکتی۔ مگر ہم پچاس فیصد مانیں گے، تو نمبر بھی پچاس فیصد آئیں گے۔ جیسے استاد کہے کہ کتاب کے دس باب پڑھنے ہیں، اور ہم کہیں کہ میں پانچ پڑھوں گا، تو نمبر بھی آدھے ہی آئیں گے۔ اللہ تعالیٰ نے رہنما اصول دے دیے ہیں۔ اُن پر عمل کریں گے تو ان شاء اللہ سکون مل جائے گا۔

بیوی سے محبت بھی سنت ہے

نبی کریم ﷺ کی ایک حدیث کا مفہوم ہے کہ اِس دنیا میں آپ ﷺ کی پسندیدہ چیزوں میں خوشبو ہے، اور عورتیں، یعنی آپ ﷺ کی ازواجِ مطہرات رضی اللہ عنہن، اور آپ ﷺ کی آنکھوں کی ٹھنڈک نماز ہے (مفہوم: نسائی 3939)۔

نبی کریم ﷺ نے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے سامنے یہ بات فرمائی کہ آپ ﷺ اپنی ازواج سے محبت فرماتے ہیں۔ اور ہم سمجھتے ہیں کہ اگر کہہ دیا کہ ہمیں اپنی بیوی سے محبت ہے، تو شان میں کمی آ جائے گی، دوست مذاق اڑائیں گے۔ تو اڑائیں۔ ہم وہ بات کہہ رہے ہیں جو ہمارے نبی ﷺ نے کہی۔ سنت صرف یہ نہیں کہ نماز میں ہاتھ باندھنے ہیں، تہجد پڑھنی ہے، تسبیح پڑھنی ہے۔ وہ سب سنت ہے، اور اُن اعمال میں یہ عمل بھی ہے۔

ہمارا اصل نمونہ کون؟

اللہ تعالیٰ نے نبی کریم ﷺ کو بہترین نمونہ قرار دیا ہے (مفہوم: سورہ احزاب 21)۔ مگر آج ہمارے نمونے کون ہیں؟ اسٹیو جابز، ایلون مسک، بل گیٹس۔ بچوں کے نمونے میسی اور رونالڈو۔ ہمیں پتا ہی نہیں رہا کہ شوہر، باپ، بیٹے، بہو یا داماد کی حیثیت سے کس کے اصولوں پر چلنا ہے۔ اور یہ کہہ دینا کہ آپ ﷺ تو بہت اونچی ہستی ہیں، ہم سے یہ نہیں ہو سکتا، ٹھیک نہیں۔ اللہ تعالیٰ نے آپ ﷺ کو ہمارے لیے عملی نمونہ بنا کر بھیجا۔ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے آپ ﷺ کی پیروی کی، ہمیں بھی کرنی ہے۔

ہماری نسل اِس بات سے بہت متاثر ہوتی ہے کہ ہارورڈ والے کیا کہتے ہیں۔ ہارورڈ میں بالغ زندگی پر ایک تحقیق 1938 سے چل رہی ہے، سینکڑوں لوگوں کی زندگیوں پر۔ سوال یہ تھا کہ جو لوگ صحت مند، لمبی اور پرسکون زندگی گزارتے ہیں، اُن کی زندگی میں اصل چیز کیا تھی؟ پیسہ؟ شہرت؟ مرتبہ؟ تینوں کا جواب نفی میں تھا۔ سب سے اہم چیز رشتے تھے۔ رشتوں میں خاندان کے رشتے، اور خاندان میں بھی میاں بیوی کا تعلق۔ میری کتاب آدھی سنت میں یہی بات لکھی ہے: آج کی تحقیق جب چودہ سو سال پرانی بات کی تصدیق کرتی ہے، تو نئی چیز تحقیق ہوتی ہے، اللہ کی بات نہیں۔

آج رات بس ایک کام کریں۔ اوپر کے پانچ سوال اپنے سامنے رکھیں، اور ایمانداری سے اپنے گھر کو سو میں سے نمبر دیں۔ ہم جہاں کھڑے ہیں، آگے کا سفر وہیں سے شروع ہوتا ہے۔

اللہ تعالیٰ ہمارے گھروں کو سکون، محبت اور رحمت سے بھر دے، اور ہمیں نبی کریم ﷺ کو اپنا نمونہ بنانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔

ہم سے جڑیں

واٹس ایپ کمیونٹی، ہفتہ وار مجلس اور ہمارے سوشل میڈیا، سب ایک جگہ۔

ہم سے جڑیں
آدھی سنت، شہزاد عارف آدھی سنت، پشتی سرورق

آدھی سنت · اردو ناول · شہزاد عارف

سوال و جواب

دل کے سوال

زندگی کے سچے سوال، قرآن اور سنت کی روشنی میں۔

سوالات پڑھیں اپنا سوال پوچھیں
Q & A

Questions of the Heart

Honest questions from real life, answered in the light of the Qur’an and the Sunnah.

Read the questions Ask your question
یہ بات کسی اپنے تک پہنچائیے
واٹس ایپ فیس بک ایکس ٹیلیگرام
ہم سے جڑیں